بڈھے بلوچ کی نصیحت بیٹے کو

پہلا بند

ہو تیرے بیاباں کی ہوا تجھ کو گوارا
اس دشت سے بہتر ہے نہ دِلّی نہ بخارا

تشریح

اے نوجوانوں! بیاباں کی ہوا اور صحرا کی فضا شہروں کی ناپاک اور مسموم آب و ہوا سے بدر جہاں بہتر ہے، شہروں کا حسن پروردۂ غازہ یعنی نقلی ہوتا ہے لیکن صحرا کا حسن پروردۂ فطرت یعنی اصلی ہوتا ہے اس لئے میری دعا ہے کہ اس دیار کی فضا تم کو راس آئے۔ دلی اور بخارا سے مراد ہیں وہ شہر جن میں تہذیبِ مغرب کی لعنت سے مے و قمار بازی، زنانِ بازاری  کی افراط ہو اور عقائد و نظریات کو مسمار کرنے کوشش ہو۔


دوسرا بند

جس سمت میں چاہے صفَتِ سیلِ رواں چل
وادی یہ ہماری ہے، وہ صحرا بھی ہمارا

تشریح

 اے نوجوانوں! تم اپنے اندر سیلاب کی صفت پیدا کرو ۔ جب تیرے اندر یہ شان پیدا ہو جائے گی تو تجھے معلوم ہوگا کہ کشمیر کی وادی بھی میری ہی ہے اور ترکستان اور تاجیکستان بھی میرا ہی ہے۔ اپنے اندر دنیا کو فتح کرنے یعنی سیلِ رواں کی صفت پیدا کرو۔


تیسرا شعر

غیرت ہے بڑی چیز جہانِ تگ و دَو میں
پہناتی ہے درویش کو تاجِ سرِ دارا

تشریح

ایک مومن اور باغیرت نوجوان کبھی اپنے مقصد اور منزل میں ناکام نہیں ہو سکتا کیونکہ غیرت و حمیت اس دنیا کی بہت قیمتی شئے ہے، جو انسان کو دنیا سے بےنیاز کرتی ہے اور اس کی قدر و منزلت ایک شہنشاہ سے بھی بڑھ کو ہو جاتی ہے۔


چوتھا بند

حاصل کسی کامل سے یہ پوشیدہ ہُنَر کر
کہتے ہیں کہ شیشے کو بنا سکتے ہیں خارا

تشریح

اے نوجوان ! یہ تمام خوبیاں صرف اس شخص میں پیدا ہو سکتی ہیں جو شیشہ کو سنگِ خارا یعنی اپنی خودی کو ، جو شروع میں کانچ کی طرح کمزور ہوتی ہے، پتھر کی طرح سخت بنا لے۔ لیکن یہ ہنر آرٹ کاونسل یا کسی کالج یونیورسٹی میں نہیں سکھایا جاتا، اگر تو خودی کو مستحکم کرنا چاہتا ہے تو کسی کامل (مردِ مومن) کی صحبت اختیار کر۔


پانچواں شعر

افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر
ہر فرد ہے ملّت کے مقدّر کا ستارا

تشریح

اے نوجوان ! اس حقیقت کو ذہن نشین کر لے کہ قوم کی تقدیر یعنی مستقبل میں اس کی ترقی تیری جدوجہد پر موقوف ہے جیسے  افراد ہوں گے ویسے ہی قوم بھی ہوگی، اس لیے تجھے اپنی زندگی قوم کی ترقی کے لئے وقف کر دینی چاہیے اور یہ سمجھنا چاہئے کہ اگر میں غفلت سے کام لوں گا تو میری قوم تباہ ہو جائے گی۔


چھٹاں شعر

محروم رہا دولتِ دریا سے وہ غوّاص
کرتا نہیں جو صُحبتِ ساحل سے کنارا

تشریح

جو غواض(غوطہ خور) ساحل پر بیٹھا رہتا ہے وہ کبھی دریا کی گہرائیوں اور پہنائیوں سے موتی نکال کر نہیں لا سکتا، اسی طرح جو مسلمان نوجوان اپنی زندگی ہوٹل اور کلب میں بسر کرتا ہے اور استحکامِ خودی اور مومنانہ صفات کے لئے کوشش نہیں کرتا وہ نہ خود کبھی ترقی کر سکتا ہے اور نہ اس کے وجود سے قوم کو کوئی فائدہ و نفع  حاصل ہو سکتا ہے۔


ساتواں شعر

دِیں ہاتھ سے دے کر اگر آزاد ہو ملّت
ہے ایسی تجارت میں مسلماں کا خسارا

تشریح

اے نوجوان ! اس صداقت کو اپنے دل میں بیٹھا لو کہ اگر تو دین کو قربان کر کے ملت اور قوم کی آزادی حاصل کروگے تو اس سودے میں تمہیں سراسر نقصان ہوگا۔ بیشک آزادی حاصل کرنے کے لئے کوشش کر لیکن دین کے اصول و عقائد سے سمجھوتا اور مداہنت کر کے آزادی کو قبول نہ کر۔
اس میں علامہ نے نوجوانوں کو اس حقیقت سے آگاہ کیا ہے کہ اگر وطنیت اور دوسرے باطل نظریات کو  قبول کر کے بھی تمہیں آزادی مل گئی تو کیا فائدہ جب تم مسلمان ہی نہ رہے تو آزادی کا کیا فائدہ۔


آٹھواں شعر

دنیا کو ہے پھر معرکۂ رُوح و بدن پیش
تہذیب نے پھر اپنے درِندوں کو اُبھارا

تشریح

اے نوجوان! اس وقت دنیا میں اسلام(روح) اور وطنیت و مادیّت(بدن) کے مابین زبردست جنگ برپا ہے، تہذیبِ مغرب جس کی بنیاد مادہ پرستی ہے اسلام کو مٹانے پر تلی ہوئی ہے۔
اقبال نے اقوام یورپ کے نظریات کو پیش کرنے والوں اور نافذ کرنے والوں کو درندوں سے تعبیر کیا ہے کیونکہ اس کی تہذیب کا لازمی نتیجہ یہ ہے کہ انسان اپنی عادات کے اعتبار سے حیوان بن جاتا ہے چنانچہ دوسری جنگِ عظیم نے اس کو واضح کر دیا۔


نواں شعر

اللہ کو پامردیِ مومن پہ بھروسا
اِبلیس کو یورپ کی مشینوں کا سہارا

تشریح

اے نوجوان! اس وقت یزداں اور اہرمن(اسلام اور کفر) میں شدید مقابلہ ہو رہا ہے۔ابلیس یعنی یورپ کو اپنے مادّی وسائل پر ناز ہے اور اللہ یعنی اسلام کو مومنوں پر بھروسہ ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ ایمان کی قوت ہمیشہ مادی وسائل پر غالب آجاتی ہے۔ چنانچہ اسی قوت کی بدولت مسلمانوں نے بدر و خندق اور دوسرے بہت سارے معرکے سر کئے۔


دسواں شعر

تقدیرِ اُمَم کیا ہے، کوئی کہہ نہیں سکتا
مومن کی فراست ہو تو کافی ہے اشارا

تشریح

یہ سچ ہے کہ کوئی شخص قبل از وقت نہیں بتا سکتا کہ فتح کس کی ہوگی لیکن اگر تُو اپنی مومنانہ فراست سے کام لے تو تجھے معلوم ہو سکتا ہے کہ آخر میں ہمیشہ حق ہی کا بول بالا ہوتا ہے۔


گیارہواں شعر

اخلاصِ عمل مانگ نیا گانِ کُہن سے
شاہاں چہ عجب گر بنوازند گدا را

تشریح

پس اے نوجوان! تو اس نازک وقت میں اپنے بزرگوں کے طرزِ عمل کو سامنے رکھ اور ان کے نقشِ قدم پر چل مجھے یقین ہے کہ تو ضرور کامیاب ہوگا۔  یہ حافظ شیرازی کی غزل کا مشہور مصرعہ ہے شاہاں سے یہاں بزرگانِ دین کی طرف اشارہ ہے یعنی اگر مسلمان سلف صالحین کی اتباع کریں گے تو فضل ایزدی ضرور ان کے شامل حال ہوگا۔