چیونٹی اور عقاب


چیونٹی

میں پائمال و خوار و پریشان و دردمند
تیرا مقام کیوں ہے ستاروں سے بھی بلند

معنی

پائمال: کچلا ہوا،برباد ۔
 خوار: ذلیل، رسوا۔

تشریح

چیونٹی  نے عقاب سے پوچھا کی میں تو اس قدر ذلیل و خوار اور پریشان ہوں ۔رات دن لوگ مجھے  اپنے پاؤں تلے  پامال کرتے رہتے ہیں اور تو اس قدر بلند مرتبہ ہے کہ انسان تیری گرد کو بھی نہیں پہنچ سکتا،اس کی وجہ کیا ہے۔


عقاب

تو رزق اپنا ڈھونڈتی ہے خاک راہ میں
میں نُہ سِپہر کو نہیں لاتا نگاہ میں

معنی

نُہ سپہر : نو آسمان، مراد چاند اور سیارے۔

تشریح

عقاب نے جواب دیا کہ تو ہو یا کوئی اور جو بھی اپنا رزقِ خاک راہ میں تلاش کرے گا وہ پامال اور ذلیل و خوار ہوگا۔
مطلب یہ ہے کہ اگر زاویۂ نگاہ پست ہوگا تو زندگی میں ترقی اور عروج یا سربلندی کا رنگ ہر گز نہیں پیدا ہو سکتا۔ اور میں تلاشِ  رزق  میں اور پرواز میں چاند اور سیاروں کو بھی خاطر میں لاتا اور یہی وجہ ہے کہ میرا یہ  مقام و مرتبہ ہے۔